پیر 20 مئی 2024

عمران خان نے سیاسی انتقام کی لسٹ بنائی ہوئی ہے،مریم اورنگزیب

لاہور(دھرتی نیوز) مسلم لیگ (ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اداروں اورسسٹم کوحکومت نے یرغمال بنایاہواہے جبکہ عمران خان نے سیاسی انتقام کی لسٹ بنائی ہوئی ہے جس کے تحت مخالفین کے خلاف کاروائیاں ہوتی ہیں۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ عدالت نے شہبازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی، جب عدالت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تب فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے) کی دو خواتین اہلکار عدالت میں موجود تھیں،ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کوبلیک لسٹ کرنے کا کوئی قانونی جوازنہیں،بلیک لسٹ میں دہشتگردوں کانام ڈالاجاتاہے،شہبازشریف کانام ای سی ایل پرنہیں تھا،انہیں حکومتی ہدایات پر ائیر پورٹ پر روکا گیا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کو یرغمال بنا یا ہوا ہے۔

 مریم اونگزیب نے کہا کہ چھوٹی ذہنیت کے چھوٹے لوگوں کی اصلیت جانتے ہیں،کرائے کے ترجمانوں نے عدالتی فیصلے کی توہین کی ہے،اختیارات استعمال کرکے عدالتی فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، کرائے کے ترجمانوں کواپناجھوٹا بیانیہ دفن ہوتادکھائی دیا تو انہوں نے یہ حرکت کی۔ موجودہ دور حکومت میں کاغذلہرا کرسیاسی مخالفین پراین آراوکاالزام لگایاگیا اور سیاسی مخالفین کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیاں کی گئیں ہیں۔

لیگی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ شہبازشریف پرآخری کیس تھااس کیس کے علاوہ ان پراب کوئی کیس نہیں، شہبازشریف کیخلاف ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

Facebook Comments