پیر 20 مئی 2024

پاکستان اور چین کے تعلقات کیسے ہیں ؟ فواد چوہدری نے تاریخ کا پرانا باب کھول دیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نےکہاہےکہ پاکستان اور چین نہ صرف سفارتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں بلکہ ہمارے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں، 1950ءمیں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون سے ہمارے تعلقات کا آغاز ہوا تھا، 1966ء میں یہ سٹریٹجک تعلقات میں تبدیل ہوئے جبکہ 1972ءمیں معاشی تعلقات میں بدلے، اب پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا انتہائی جامع فریم ورک موجود ہے۔

پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے محبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر فخر ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا، اسی طرح پاکستان نے بھی چین کو ہر چیلنج میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ 1950ئسے ہم نے نہ صرف ایک دوسرے پر دفاعی اور سٹریٹجک طورپر انحصار کیا جبکہ سی پیک نے پاک چین تعلقات کو ایک نئی جہت فراہم کی۔ سی پیک کا شاندار منصوبہ ایک دوسرے کے معاشی استحکام کی بنیاد اور اس علاقے کے لئے ایک گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ون بیلٹ ون روڈ انی شیٹو وژن نے پاکستان کو بہت فائدہ دیا ہے۔

Facebook Comments