بدہ 15 مئی 2024

سعودی عرب کا مسجدالحرام، مسجد نبوی عشا سے فجر تک بند رکھنے کا اعلان

سعودی عرب کا مسجدالحرام، مسجد نبوی عشا سے فجر تک بند رکھنے کا اعلان

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی نمازِ عشا کے ایک گھنٹے بعد سے نمازِ فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک روزانہ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی میں روضہ رسولﷺ بھی عمرے پر پابندی کے عرصے کے دوران بند رہے گا جبکہ جنت البقیع بھی میں زائرین کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مطاف (خانہ کعبہ کے اطراف کےصحن) کو بھی تفصیلی صفائی اور جراثیم کش اقدامات کے لیے خالی کروالیا گیا تھا جس کے بعد نماز کی ادائیگی مسجد کے احاطے میں ہوئی۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ خانہ کعبہ کے اطراف میں جہاں زائرین 7 مرتبہ طواف کرتے ہیں اور صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان سعی کا مقام عمرے سے پابندی ہٹائے جانے تک بند رہے گا تاہم مسجد کے اندر نماز کی ادائیگی جاری رہے گی۔

ایک سعودی عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مطاف خالی کروا کر گہرائی سے صفائی ایک عارضی اقدام ہے جس کی اس سے قبل کوئی مثال نہیں ملتی۔