جمعرات 09 مئی 2024

حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور (دھرتی نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان نیازی اور رکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر نے ملاقات کی ،اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نیہں ۔

 تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،محکمہ محنت کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجا ب حکومت نے ورکرز کی کم از کم اجرت 20ہزار روپے کر دی ہے، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں ۔صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں عام آدمی کا علاج معالجہ ہو رہا ہے ۔

 سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت نے ورکرز کی فلاح و بہبود پر کوئی توجہ نہیں دی، اپوزیشن کا ٹولہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہاہے، پی ڈی ایم سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ پی ڈی ایم اپنے لئے خود خطرہ بنی ہوئی ہے ۔بند گلی میں پھنسی ہوئی پی ڈی ایم کیلئے فیس سیونگ بھی مشکل ہو چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی حمایت سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی ، عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے، لانگ مارچ اور استعفوں کے بعد یہ ٹولہ اب منتوں پرآچکا ہے، کرپشن کی دلدل میں دھنسے عناصر صرف خالی نعرے لگا سکتے ہیں، ان لوگوں میں عمل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں، پی ڈی ایم کی قیادت کے اترے چہروں سے مایوسی عیاں ہے۔

Facebook Comments