پیر 20 مئی 2024

مریم اورنگزیب کا کورونا ریلیف پیکیج سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ سامنے لانے کا مطالبہ

اسلام آباد (دھرتی نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا ریلیف کی 1200 ارب کی خطیر رقم پر آڈٹ رپورٹ پبلک ہونے سے روکی جا رہی ہے ، کورونا ریلیف پیکیج سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے ادویات کے 500 ارب روپے کھا گئے اب کورونا کا ریلیف پیکیج کھا گئے ہیں ،کورونا ریلیف پیکج کے خرچ میں سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی خود آڈیٹر جنرل نے کی ہے، 1200 ارب کے کورونا ریلیف پیکیج کے علاوہ آئی ایم ایف سے 1٫386 ارب ڈالرز کوروناکیلئے آئے ، ورلڈ بینک کے 153 ملین ، ایشیائی بینک کے 300 ملین ڈالرز اور یورپی یونین کے 150 ملین یوروز کا حساب ابھی رہتا ہے ۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پیسہ عالمی اداروں نے کورونا وبا کے مقابلے اور عوام کی صحت بچانے کے لئے پاکستانی حکومت کو دیا تھا، آئی ایم ایف فسکل مانیٹر میںبھی اس پیسے کے استعمال پر سوال اٹھایا گیا ہے، معاشی ماہرین 15 کھرب کی رقم کا سوال اٹھا کر حکومت سے رسیدوں کا مطالبہ کررہے ہیں، ۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ کورونا ریلیف کے لئے 1200 ارب روپے کا معاملہ ایک اور رنگ روڈ سکینڈل دکھائی دیتا ہے، آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ سامنے لائی جائے، قوم کو سچائی کا پتہ چلنا چاہئے، حکومت سے رسیدیں مانگنے پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ چھپائی جارہی ہے ، اتنی بڑی مقدار میں رقم موجود ہونے کے باوجود ویکسین کی بروقت بکنگ میں کیوں مجرمانہ غفلت برتی؟بروقت ویکسین منگوالی جاتی تو ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیاں بچائی جاسکتی تھیں ۔ جو آٹا ، چینی ،دوائی ، ایل این جی اور رنگ روڈ منصوبے میں ہو چکا کورونا ریلیف فنڈ کے اربوں روپے کے ساتھ بھی وہی ہوا ہے ۔

Facebook Comments