پیر 20 مئی 2024

سیاست فضل الرحمان کے بس کی بات نہیں ، وہ نکاح وغیرہ پڑھایا کریں ، فواد چودھری

اسلام آباد ( دھرتی نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن تنکوں کی طرح بکھری ہوئی ہے ، مولانا کے سہارے مضبوط نہیں تھے، ویسے بھی سیاست فضل الرحمان کے بس کی بات نہیں ، انہیں چاہئے کہ نکاح وغیرہ پڑھایا کریں ۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بلاول نے اپنی پارٹی بجٹ روکنے کیلئے ن لیگ کے حوالے کر دی یہ کوئی نئی بات نہیں ، اس سے پہلے ن لیگ نے بھی اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے حوالے کر دی تھی ، دنوں بیاہ کے ایک دوسرے کے گھر چلے گئے تھے مگر مولانا فضل الرحمان کے کندھے اتنے مضبوط نہ تھے اور پھر شادہ شدہ جوڑا ناراض ہو کر اپنے اپنے گھروں کو چلا گیا، مولانا سیاست کی بجائے نکاح وغیرہ ہی پڑھایا کریں ۔

 پی ڈی ایم سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قبلے جدا جدا ہیں ، پہلے تو شہباز شریف اور مریم نواز کا جھگڑا ختم ہو جس کے بعد ن لیگ فیصلہ کرے کہ ان کی کیا پالیسی ہے ، اسی طرح بلاول اور فریال کی پالیسی کسی نقطے پر اکٹھی ہو ، جس کے بعد ان دونوں جماعتوں کی جانب سے موقف سامنے آئیں گے اور ان دونوں کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سمجھ آئے گی کہ وہ کیا چاہتے ہیں ۔

بجٹ سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجٹ 22-2021 عوامی فلاح کا بجٹ ہے ، آسانی سے پاس ہو جائے گا، بجٹ ہماری پچھلے سالوں کی کارکردگی کا عکس ہو گا۔ جہانگیر ترین کے دھڑے سمیت تمام اتحادیوں کی بجٹ پر حمایت حاصل ہے ، جہانگیر ترین سمیت پاکستان تحریک انصاف کے تمام لوگ وزیر اعظم کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں۔

 فواد چودھری نے کہا کہ سابق ادوار میں سٹیل ملز، سرکاری ٹی وی اور پی آئی اے میں بے پناہ سیاسی بھرتیاں ہوئیں ، جس میں سے پانچ فیصد افراد بھی میرٹ پر بھرتی نہ ہوئے ، خورشید شاہ کہتے ہیں وہ دو سال سے جیل میں ہیں ان پر بڑا ظلم ہے ، جس طرح انہوں نے اداروں پر ظلم کیا انہیں ابھی اور جیل میں رہنا چاہئے ۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ ای وی ایم پر الیکشن کمیشن کو کوئی تحفظات نہیں ، ہر الیکشن کے بعد جیتنے والا جشن اور ہارنے والا ماتم مناتا ہے ، اسی لئے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو انتخابی اصلاحات پر بات چیت کرنی چاہئے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کوتحریری طور پر دے چکے ہیں کہ انتخابی اصلاحات پر بات کریں ، پی ٹی آئی وفد بدھ کے روز الیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا۔ لاہور پریس کلب کے انتخابات میں بھی ای وی ایم استعمال کرنے کو دیں گے ،

 شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے سے متعلق فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف کو ہم نے ای سی ایل پر ڈالا ہے ، وہ عدالت جائیں ، ہم بھی کیس لڑیں گے ۔

Facebook Comments