پیر 20 مئی 2024

شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں پاکستانی فیملی کو ٹرک تلے کچلنے کے واقعہ کو دہشتگردی قرار دے دیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز ) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں پاکستانی فیملی کو ٹرک تلے کچلنے کے واقعہ کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین بے گناہ اوربے قصور نسلیں اس واقعہ سے متاثر ہوئی ہیں۔یہ بہت بڑ المیہ ہے او ر میں بطور وزیر خارجہ پاکستان ، کینیڈین وزیرا عظم سے کہوں گا یہ ان کے معاشرے کا امتحان ہے۔

  دھرتی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اتوار کے روز رونما ہوا ہے اور اہل خانہ کو اطلاع اگلے روز دی گئی ہے،متاثرہ فیملی کے ساتھ پہلا رابطہ ٹورنٹو میں ہمارے قونصل جنرل کا ہوا،فیملی اس المناک سانحہ کے باعث کرب کا شکارہے،ہم نے ان کومیتیں پاکستان بھجوانے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے وہیں تدفین کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

 وزیر خارجہ نے کہا ہمارے قونصل جنرل ٹورنٹو نے بتایا کہ پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے، پولیس کی تحقیقات کے مطابق واقعہ میں اسلامو فوبیا کا عنصر موجود ہے۔ہماری آنکھیں اس غم میں نم ہیں،کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ متاثرہ خاندان سے مل کر اظہار یکجہتی کریں۔نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ملتی ہے تو شامل ہوں ورنہ غائبانہ ادا کریں۔

شاہ محمو د قریشی نے مزید کہا کہ جو باڈیز ملیں وہ قابل شناخت نہیں ہیں اس لئے ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہورہا ہے،اطلاعات کے مطابق متاثرہ فیملی لاہو ر سے تعلق رکھتی تھی لیکن مکمل رپورٹ سامنے آنے تک کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا۔

 انہوں نے کہا کہ کینیڈین وزیرا عظم مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

Facebook Comments