پیر 20 مئی 2024

لاہور میں گندا پانی پینے کا اعزاز مجھے بھی ملا، فردوس عاشق اعوان کا انکشاف

لاہور(دھرتی نیوز) پنجا ب حکومت کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گندا پانی پینے کا اعزاز مجھے بھی ملا ہے،ماضی میں صحت کے مسائل کو لاہوری شاہی تحفہ سمجھ کر برداشت کرتے رہے ہیں،پنجاب میں صاف پانی کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی دور حکومت میں عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھاگیا ، شاہی خاندان نے پنجاب کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے اور لاہور شاہی خاندان کے غلام بن کے رہے ہیں۔ ن لیگ نے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ واسا کو ن لیگ کے دور میں سیاست زدہ کیا گیا اور اب بھی ادارے کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، واسا بھی ن لیگ کی کرپشن کے آگے بندھ باندھنے میں ناکام رہا ہے ،ماضی میں بارشوں کے پانی کو استعمال میں نہیں لایاگیا اور وہ ضائع ہوتا رہا، جب بارش ہوتی تھی تو حکمرانوں کی لمبے بوٹ پہن کر بارش کے پانی میں شوٹنگ شروع ہوجاتی تھی جو انگلیاں ہلاکرظاہر کرتے تھے کہ عوام کابہت احساس رکھتے ہیں۔ حکومت اب بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹینکر بنا رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے، اورہم واسا میں ریفارمز لائیں ہیں،واسا نے بارش کا پانی محفوظ بنانے کے لئے لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینک بنائے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے دو مزیدمقامات پر واٹرٹینک بنانے کا عزم کیا ہے جن پر 19،19لاکھ خرچ آئے گا۔

 انہوں نے کہاکہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تب واسا کی ماہانہ آمدن 35کروڑ تھی جبکہ آج ادارہ پانی کی مد میں 60کروڑ روپے ماہانہ کما رہا ہے ۔ پی ٹی آئی کے دور میں واسا میں پہلی باربغیر سفارش کے بھرتیاں ہوئی ہیں۔

Facebook Comments