پیر 20 مئی 2024

بجٹ پر مثبت رد عمل آیا، اپوزیشن کے نقطہ نظرکوپارلیمنٹ میں سنیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ملتان(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ پر مثبت رد عمل آیا ہے،تاجروں نے بھی بجٹ کو سراہا ہے، اپوزیشن کے نقطہ نظرکوپارلیمنٹ میں سنیں گے اور بحث میں ان کی تجاویز پر غور کریں گے۔ملک میں ہنگائی کی وجہ انٹرنیشنل فیکٹر بھی ہے، مہنگائی کم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں،لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے جس سے قوت خرید بڑھے گی۔

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں حکومت کی توجہ معاشی گروتھ پرہے،ہم آئندہ سال چار فیصد گروتھ کی توقع کررہے ہیں،معاشی شرح نمو میں اضافے سے مہنگائی اور غربت میں کمی آئے گی او رروزگارکے مواقع پیداہوں گے۔حکومت کی ترجیح ہے کہ غریب آدمی کی آمدن میں اضافہ ہو۔

 انہوں نے کہا کہ کوروناکے باوجودملکی معاشی حالات بہترہورہے ہیں، آئندہ مالی سال کے دوران 29ارب ڈالرکی ترسیلات زرمتوقع ہیں،زراعت کی ترقی کے لئے چین سے مددلیں گے جبکہ کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے،رواں برس گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،کپاس کی پیداوار کم ہوئی ہے جس پر اب توجہ دیںگے اور خامیاں دور کریں گے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کہا جاتا رہا کہ سندھ کو نظر انداز کیا جارہا ہے جبکہ ہماری حکومت نے کراچی کے لئے خطیر پیکیج دیا ہے اور کراچی کی سرکلر ریلوے کے لئے بھی بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کے لئے فریٹ کوریڈور بنانے کا پروگرام ہے۔سکھر تا حیدرآباد موٹروے کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی ہے،موٹروے مکمل ہونے کے بعد پورا ملک موٹروے سے منسلک ہوجائے گا۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ اورمواصلات ہماری ترجیح ہے، ریلوے کی بہتر ی کے لئے ایم ایل ون منصوبہ کی تکمیل کے حوالے سے چین سے بات چیت چل رہی ہے،انرجی پر 118ارب روپے مختص کررہے ہیں،ہم پن بجلی اور سولر کا سہارا زیادہ لینا چاہتے ہیں۔ہم پر بہت دباﺅ تھا کہ بجلی کی نرخوں کو بڑھا یا جائے مگر وزیر اعظم نے کہا عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالنا۔

Facebook Comments