پیر 20 مئی 2024

حکومت جس راستے سے آئی تھی اسی راستے سے جائے گی، شاہد خاقان عباسی نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت گری ہوئی ہے، اس کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، حکومت جس راستے سے آئی تھی اسی راستے سے جائے گی۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انرجی سیکٹر کو وفاقی وزرا نے تباہ کردیا ہے،اربوں ڈالر کا نقصان کرچکے، کابینہ نے 2 مرتبہ ٹرمینل بند کرنے فیصلہ کیا مگر بند نہیں کرسکے، کیا چیئرمین نیب کو وزرا نظر نہیں آتے ؟ نیب کو چاہئے کہ وفاقی وزرا پر کیسز بنائے ۔ہمیں کیسوں کی فکر نہیں، پہلے بھی بھگتے آئندہ بھی بھگت لیں گے، حکومتی نالائقی کی وجہ سے کراچی کی پوری انڈسٹری بند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 60 فیصد بجلی کے منصوبے نواز شریف کے لگائے ہوئے ہیں، 40 فیصد بجلی ایل این جی سے پیدا ہو رہی ہے، ایل این جی نہیں خریدیں گے تو بجلی بند ہو جائے گی۔آج پاکستان کا کشمیر پر کیا موقف ہے پارلیمان میں بتایا جائے، کشمیر کے معاملے پر گو مگوں کی کیفیت نہیں ہونی چاہیے تھی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن چوری ہی کرنا ہیں تو پاکستان کو بہت خطرات ہیں، الیکشن چوری ہونگے تو ملک کو خطرہ ہے۔

Facebook Comments