جمعرات 09 مئی 2024

پنجاب کے 8 اضلاع میں یونیورسٹیوں کےقیام کی منظوری ، فردوس عاشق اعوان نےبڑی خوشخبری سنا دی

لاہور( دھرتی نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےپنجاب کے 8 اضلاع میں یونیورسٹیوں کے قیام کی منظوری دینےکی خوشخبری سنا دی ،یونیورسٹیاں اٹک، گوجرانوالہ، راجن پور، پاکپتن ،حافظ آباد بھکر لیہ اور سیالکوٹ بنیں گی ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کی اہمیت کے پیش نظر آئندہ بجٹ میں 15 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گے ہیں جو کہ پچھلے سال کی نسبت 285 فیصد زیادہ ہیں۔پنجاب حکومت ہر ضلع میں نئی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لا رہی ہے اب تک چھ نیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں 7 یونیورسٹیاں قائم کرنے کی تجویز ہے جوکہ بہاولنگرٹوبہ ٹیک سنگھ،مظفرگڑھ،ڈی جی خان،قصوراورشیخوپورہ میں قائم کی جائیں گی۔ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی سیالکوٹ کے قیام کے لیے 16 ارب 60 کروڑ روپے ،یونیورسٹی آف ڈی جی خان کے لیے 2 ارب روپے،گوجرانوالہ یونیورسٹی کے لئے 3 ارب روپے بابا فرید یونیورسٹی پاکپتن کے قیام کے لیے 2 ارب روپے،اٹک یونیورسٹی کے لیے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی نےکہاکہ ایمرسن یونیورسٹی کیلئے 50کروڑ روپے،حافظ آباد یونیورسٹی کیلئے ایک ارب انڈس یونیورسٹی راجن پور کے لئے ایک ارب حافظ آباد یونیورسٹی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔سیالکوٹ میں عالمی معیار کی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی 17ارب روپے کی لاگت سے قائم کی جا رہی ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ 86 نئے کالجز قائم کرنے کی تجویز ہے۔ سردار عثمان خان بزدار کی خصوصی توجہ سے رواں سال ذہین اور مستحق طالب علموں کے لئے رحمت اللعالمین سکالر شپ کا آغاز کر دیا گیا تھا اور اس مد میں 83 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جس سے سالانہ پندرہ ہزار طلبہ و طالبات مستفید ہو سکیں گے۔

Facebook Comments