اتوار 19 مئی 2024

بلا اجازت حج کے مقامات پر جانے والوں کو بھاری جرمانے بھرنا ہوگا

ریاض ( دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) حج مقامات پر بلا اجازت جانے والوں کے لئے سعودی حکومت نے بھاری جرمانے کا اعلان کر دیا ۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مسجد الحرام ، اطراف کے مقامات ، مشاعر مقدسہ یعنی منی ، مزدلفہ اور عرفات میں بغیر اجازت جانے والے کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق حج کے ایام میں متذکرہ بالا جگہوں پر بغیر اجازت نہیں جایا جا سکے گا، بلہ حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے ، پابندیوں کا اطلاق آج پانچ جولائی سے 23جولائی تک ہوگا۔ اس دوران خلاف ورزی کرنے والے کو دس ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ جبکہ پابندیوں کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی اہلکار مسجد الحرام ، مزدلفہ ، منی اور عرفان جانے والے تمام راستوں پر کڑی نظر رکھیں گے ۔

 واضح رہے کہ اس سال صرف سعودی شہریوں اور ریاست میں مقیم غیر ملکیوں کو ہی حج کی اجازت دی گئی ہے ، امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں جبکہ صرف ساٹھ ہزار افراد کو ہی حج کے اجازت نامے جاری کئے گئے ۔

وزارت حج نے واضح کیا تھا کہ اجازت نامے ایسے افراد کو دیے جائیں گے جو امراض سے پاک ہوں ۔

Facebook Comments