پیر 20 مئی 2024

این سی او سی کا کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار

انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ملک میں کورونا کی صورتحال اور ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت پابندیوں کا فیصلہ لینے کا عندیہ بھی دیا گیا۔

ملک میں کورونا کیسز پھر بڑھنے لگے، مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد تک پہنچ گئی

اعلامیے کے مطابق تمام چیف سیکرٹریز پر مشتمل این سی او سی کا خصوصی اجلاس بلا لیا گیا جس میں ایس او پیز کے نفاذ کا سخت میکانزم بنایا جائے گا۔

ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریسٹورنٹس، ان ڈور جیمنیزیمز، شادی ہالز، ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، سیاحت اور دیگر سیکٹرز میں دیکھی گئی ہیں۔

این سی او سی نے تمام اکائیوں کی مشاورت سے ایسے کورونا ویکسین مراکز کی تعداد بڑھا دی ہے جہاں موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔

این سی او سی کے مطابق کل 59 مراکز میں سے پنجاب میں 15، سندھ میں 10 ، خیبر پختونخوا میں 14، بلوچستان میں 4، آئی سی ٹی اور آزاد کشمیر میں 5، 5 اور گلگت بلتستان کے 6 ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ3 ہزار افغان طلبہ بھی تعلیم کے حصول کیلئے پاکستان آ رہے ہیں، کورونا مثبت والے طلبہ کو واپس بھجوا دیا جائے گا، باقی کو 10 دن لازمی قرنطینہ کرنا ہو گا جس کے بعد ویکسی نیشن بھی یقینی بنائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق ویکسی نیشن کے تصدیقی پورٹل کا اجراء کر دیا گیا ہے جس کا مقصد تصدیقی عمل کو ان جگہوں پر ممکن بنانا ہے جہاں داخلے کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہے۔

این سی او سی نے ویکسین لگانے والے اسٹاف اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ویکسین لگاتے یا لگواتے وقت یقینی بنائیں کہ ویکسی نیشن کا ریکارڈ نیمز میں درج کر دیا گیا ہے۔

Facebook Comments