جمعرات 09 مئی 2024

شہبازشریف نے جعلی راجکماری کا خواب چکنا چور کر دیا

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے جعلی راجکماری کا کشمیر کے الیکشن کو لیڈ کرنے کے خواب کو چکنا چور کر دیا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کے گھر میں انتشار اور فساد برپا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں بھی ایسا ہی انتشار اور فساد برپا کرنا چاہتا ہے جہاں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں نادان اپوزیشن سیاسی درجہ حرارت کو سوات جیسے پرآسائش اور خوشگوار موسم میں اکٹھے ہو کر لطف اندوز ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کنیز اول جھولے جھولتی ہوئی نظر آئی ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کو عوام کا کتنا درد ہے اور یہ عوام کے مسائل کے تدارک کے لئے کس قدر کوشاں ہیں۔

عوام کے حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والا گروہ عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی شہبازشریف کے بیانیے کو داغدار کرتے دکھائی دیئے ہیں۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھاری اکثریت سے بجٹ کی منظوری پر حکومت کے ہاتھوں اپوزیشن کو جو ہزیمت اٹھانا پڑی، سوات کے جلسے میں اپوزیشن اپنے زخموں کو چاٹنے میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ کے خلاف کنیز دوم منفی پراپیگنڈا بم کی طرح میڈیا کی سکرین پر چھوڑتی ہیں اور یہ تاثر دیتی ہیں کہ ان کا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عثمان بزدار تین سال سے اپوزیشن کی آنکھوں میں تنکا بن کر کھٹک رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پسماندہ علاقے سے وزیراعلیٰ کو منتخب کر کے انہیں نمائندگی کا موقع دیا جبکہ شاہی خاندان نے تو کبھی کسی کو اقتدار میں آنے کا موقع نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار تین سال سے ن لیگ کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اداروں کو لگی دیمک کے خاتمے کے لئے مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ترقی کا جو روڈ میپ لے کر آئی ہے وہ ظلِ سبحانی کے مزاج کے مطابق نہیں کیونکہ اب صرف عوام کی دادرسی ہو گی۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دورحاضر کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای روزگار سکیم کو متعارف کرایا۔ ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے وہ گھر بیٹھے آن لائن کام کر کے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔

Facebook Comments