اتوار 19 مئی 2024

عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

لاہور: عید الاضحیٰ کے دوسرے روز لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے لاہور میں جل تھل ایک ہو گیا ہے، موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، فاروق گنج انڈر پاس میں جمع پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

تیز بارش سے والٹن روڈ، گلبرگ کی مختلف شاہراہیں، فیروزپور روڈ، مزنگ اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور دیگر شاہراہوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے، فاروق گنج انڈر پاس میں بارش کا پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، بچوں نے بارش کے پانی میں ڈبکیاں لگانی شروع کر دیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک 69 ملی میٹر، شاہدرہ 65 ملی میٹر، اندرون شہر 63 ملی میٹر، ایئر پورٹ 50 ملی میٹر، گلبرگ 35 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن 42 ملی میٹر، پنجاب یونی ورسٹی 25 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 20 ملی میٹر اور سب سے کم بارش سمن آباد میں 10 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

ایم ڈی واسا کے مطابق عملہ فیلڈ میں متحرک ہے، شہر کی بیش تر شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، سڑکوں کے کناروں اور ناہموار سڑکوں سے مشینری کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔

Facebook Comments