اتوار 19 مئی 2024

کورونا کے بعد پاکستانی معیشت میں بہت بہتری آئی: سردار تنویر الیاس

کورونا کے بعد پاکستانی معیشت میں بہت بہتری آئی: سردار تنویر الیاس

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اس میں کوئی دو
رائے نہیں کہ ملکی معیشت میں بزنس، ٹریڈ اور سرمایہ کاری بہت اہمیت کی حامل
ہے۔ پنجاب حکومت اس ضمن میں بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان
کے ویژن کے مطابق ہمیں سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ کے حوالے سے کام کرنا
چاہیے۔ بزنس ،سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ میں اضافے سے بے روزگاری کا خاتمہ
ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی
سربراہی میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا ادارہ ایکسپورٹ کے حوالے سے رات دن
کام کر رہا ہے ۔ ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے ایکسپورٹرز کی سہولیات کو مد
نظر رکھتے ہوئے گرین چینل استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں صنعتی جال
بچھانے اور روزگار کے ذرائع پیدا کرنے کے لیے 7 نئے سپیشل اکنامک زون کا
قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس ضمن یہ امر بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے
علاوہ جنوبی پنجاب میں بھی نئے صنعتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 

سردار
تنویر الیاس خان نے کہا کہ خطے میں امن اور عام آدمی کی ترقی باہمی
کاروباری اشتراک اور نقل و حمل کے مربوط نظام سے جڑی ہوئی ہے۔ سی پیک کی
صورت میں حکومت پاکستان خطے کے دیگر ممالک کو گوادر بندر گاہ تک رسائی اور
دیگر ضروری سہولیات مہیا کرنے کے جامع منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ تعمیراتی
شعبے کو دیئے گئے پیکج سے پاکستان میں معاشی ترقی کے نئے دروازے کھل رہے
ہیں۔ 

انہوں نے توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی
مسلمان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر
سکتا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم عاطف میو نے
کہا کہ پنجاب میں پہلی بار پرائیویٹ سیکٹر کو ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے بہت
زیادہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔  اب تعمیرات کے حوالے سے کام کرنے والوں
کو این او سی لینے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

Facebook Comments