پیر 20 مئی 2024

’جلسے نقصان دہ نہیں تو کنسرٹس اور سینماز پر پابندی کیوں’؟

’جلسے نقصان دہ نہیں تو کنسرٹس اور سینماز پر پابندی کیوں’؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکار جوڑی عروہ اور فرحان نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پی ڈی ایم کے جلسوں کے انعقاد پر اپوزیشن لیڈرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار و گلوکار فرحان سعید کی جانب سے اعلیٰ حکام سے درخواست کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا گیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کا جلسہ نقصان دہ اور وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہیں تو پھرکنسرٹس، شادیوں اور سینماز پرپابندی کیوں؟

اداکار نے  وزیراعظم عمران خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیزپاکستانی زلفی بخاری اور  اینکر وسیم بادامی کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ برائے مہربانی کیا آپ لوگ حکام سے پوچھ سکتے ہیں؟ کیونکہ اس وجہ سے بہت سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب گلوکار فرحان سعید کی اہلیہ عروہ حسین کی جانب سے بھی پی ڈی ایم جلسوں پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ اگر وہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے عالمی وبا کا استعمال نہ کرتے تو وہ پاکستان میں اپنی بچی کچی حمایت کو محفوظ کرسکتے تھے، یہ سب ظاہر کرتا ہے کہ یہ لوگ کس طرح اقتدار اور پیسے کا سوچتے ہیں جب کہ اس دوران عالمی بحران میں انسانیت مزید خطرے میں ہے۔

واضح رہے کہ جلسے سے قبل  بھی فرحان سعید کی جانب سے ایک اور ٹوئٹ کیا گیا تھا کہ جس میں اداکار کا کہنا تھا کہ اس  ملک کی قسمت صرف عمران خان ہی تبدیل کرسکتے ہیں انشاء اللہ۔

Facebook Comments