پیر 20 مئی 2024

ارطغرل غازی کو پاکستان بلانے والا ساتھیوں سمیت گرفتار

ارطغرل غازی کو پاکستان بلانے والا ساتھیوں سمیت گرفتار

پنجاب پولیس نے شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی میں مرکزی کردار نبھانے والے ترک اداکار انگین آلتان کوپاکستان بلانے والے ملزم کاشف کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پولیس نےترک اداکارانگین آلتان کی پاکستان میں میزبانی کرنے والے کاشف ضمیر نامی نوسرباز کی گرفتاری کےلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی کارروائی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کاشف ضمیر 8 مقدمات میں ملوث ہے جس کے باعث اسے ساتھیوں سمیت گرفتارکیا گیا ۔

پولیس کااس سلسلے میں کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف فراڈ، امانت میں خیانت، کار چوری اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے مزید بتا یا کہ کاشف ضمیر اور دیگر ملزمان کی جانب سے دوران آپریشن مزاحمت بھی کی گئی تھی۔

انگین آلتان ( ارطغرل غازی) کے دورہ پاکستان کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کاشف ضمیر کو ہر جگہ ان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملزم کاشف ضمیر نے ترک اداکار کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا پروجیکٹ سائن کیا تھا، تاہم اس رقم میں سے ترک اداکارانگین کو صرف آدھی رقم ہی ادا کی گئی۔

ایک انٹرویو کے دوران کاشف ضمیر کا کہنا تھا کہ آدھی رقم اینگن التان کو اس وقت ادا کی جائے گی جب وہ پاکستان آکر شوٹنگ کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ شہرہ آفاق ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار انگین آلتان لاہور کے مختصردورے پر آئے تھے ، جہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے آخری نہیں،اس کے علاوہ انھوں نے  پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

Facebook Comments