پیر 20 مئی 2024

تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے الیکشن کمیشن پر چڑھائی کردی

اسلام آباد(دھرتی نیوز-نیشنل ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ ہم آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کا موجودہ صورتحال میں کردار افسوسناک ہے،آج پی ٹی آئی نہیں بلکہ پاکستان کی عوام ہاری ہے،الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے ،الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے قومی ادارے کےاوپرکالاداغ نہ لگائے،مریم نواز کی ساری سیاست جبر، جعلسازی ، فریب اور جھوٹ سے منسلک ہے ،وہ صرف منصب چاہتی ہیں، ملک و عوام سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ملیکہ بخاری نے کہا کہ ان کی جماعت نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے دلائل رکھے اور 22 کروڑ عوام کا کیس الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا ،ہمارے پہلا حصہ تھا کہ اس کیس کو قابل سماعت قرار دیا جائے،دوسرا حصہ تھا کہ ایوان کے اوپر کالا داغ لگنے سے بچاؤ،الیکشن کمیشن نے ہماری استدعا کو نہیں مانا اور اپنا تحریری فیصلہ سنا دیا،یہ استدعا پاکستان تحریک انصاف نہیں پاکستانی عوام ہاری ہے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا کردار افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا انتخاب پاکستان کے ایوان کیلئے سیاہ دن تھا،اگر الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تو ایک ایسا شخص چیئرمین سینیٹ بن سکتا ہے جو سابق نا اہل وزیراعظم اور توشہ خانہ کیس میں نامزد ہے ،اس شخص نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر ووٹ چوری کئے ہیں اور اب وہ کہتے ہیں کہ میں اعلیٰ منصب چاہتا ہوں ۔

ملیکہ بخاری نے کہا کہ ہماری پٹیشن کے دو حصے تھے، ایک حصہ مان لیا گیا ہے،اخلاقی طور پر گیلانی ہار چکا ہے، اخلاقیات کا تقاضہ ہے اب وہ چیئرمین کا الیکشن نہ لڑے،الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹیرم سٹے کی درخواست نہیں مانی، الیکشن کمیشن نے پاکستانی عوام کی درخواست مسترد کی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز برملا کہہ رہی کہ کس طرح وہ سینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں پر اثرانداز ہوئی ہیں جو کہ جرم ہے۔

Facebook Comments